دوست کو شادی کی مبارکباد دینے کے پانچ منفرد طریقے

شادی ایک ایسا مقدس رشتہ ہے جو نہ صرف دو افراد بلکہ دو خاندانوں کو بھی آپس میں جوڑتا ہے۔ اس موقع پرجب زندگی کا ایک نیا باب شروع ہوتا ہے۔ دوستوں اور رشتہ داروں کی مبارکباد اور دعائیں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔ مشرقی معاشرے میں شادی کو نہ صرف ایک سماجی تقریب بلکہ ایک روحانی اور ثقافتی اہمیت بھی حاصل ہوتی ہے۔ ایسے موقع پر دوست کو شادی کی مبارکباد دینا نہ صرف ایک رسم ہے۔ بلکہ اس کے ساتھ اپنے جذبات کے اظہارکا ایک ذریعہ بھی ہے۔ 

دوست کو شادی کی مبارکباد دینا

عام طور پر شادی کی مبارکباد دینے کے لیے روایتی جملوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ جیسے “مبارک ہو”۔۔ “اللہ نصیب اچھے کرے”۔۔ “جوڑی سلامت رہے” وغیرہ۔ خاندان والے تو اپنے انداز میں شادی کی مبارکباد دیتے ہیں۔ اور مدد کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ لیکن اگر آپ دوست کو شادی کی مبارکباد دینا چاہتے ہیں لیکن کچھ منفرد انداز میں۔جو اس کے دل میں ایک خاص جگہ بنائے تو کچھ تجاویز درج ذیل ہیں۔ 

 دوست کے نام خط یا سہرا لکھیں

مشرقی معاشرے میں خطوط کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ یہ نہ صرف جذبات کا اظہار کرنے کا ذریعہ ہیں۔ بلکہ یہ ایک ایسی چیز ہے جسے سنبھال کر رکھا جا سکتا ہے۔ اور مستقبل میں دوبارہ پڑھا جا سکتا ہے۔ ڈیجیٹل دور میں جہاں ہر چیز جدید اور تیز تر ہو گئی ہے۔خط لکھنا نہ صرف منفرد بلکہ انتہائی پراثر طریقہ ہے۔  

آپ اپنے دوست کو ایک خط لکھیں۔ جس میں آپ اس کی شادی پر خوشی کا اظہار کریں۔ خط میں آپ اسے یہ بتا سکتے ہیں کہ اس کی دوستی اور ساتھ آپ کے لیے کتنا اہمیت رکھتا ہے۔ اور آپ مستقبل میں اس کی خوشیوں کی دعا گو ہیں۔ خط میں آپ اپنے مشترکہ یادگار لمحات بھی یاد کر سکتے ہیں۔ اور انہیں یہ احساس دلا سکتے ہیں کہ زندگی کے اس اہم موڑ پر آپ اس کے ساتھ ہیں۔ اور اس کے نئے سفر کے لیے آپ کے دل میں کتنی محبت اور دعائیں ہیں۔ 

سہرے کی روایت 

اگر آپ مزید روایتی طریقہ اپنانا چاہتے ہیں تو دوست کے لئے سہرا لکھ سکتے ہیں۔ سہرا ایک ایسی نظم ہوتی ہے ۔جو شادی بیاہ کے موقع پر شعرا، دلہاا اور اس کے عزیزوں کو خوش کرنے کے لیے لکھتے ہیں۔ 

اس میں دلہے کی تعریف اور اس کی سجاوٹ کا شاعرانہ تمثیلیوں اور تشبیہیات سے اظہار ہوتا ہے۔سہرا ایک طرح کی فرمائشی نظم ہوتی ہے۔ یہ ایک روایتی رسم تھی جس کا رواج شہروں میں تو ختم ہو چکا۔ لیکن کچھ دیہاتوں میں اب بھی باقی ہے۔ 

دیہاتوں میں سہرے کی شکل کچھ مختلف ہوتی ہے۔ وہاں شام ڈھلے گاؤں کی خواتین شادی والے گھر کا رُخ کرتی ہیں۔ دولہے کی والدہ اور بہنیں ان خواتین کا استقبال کرتی ہیں۔ سب مل بیٹھتی ہیں۔ میٹھا تقسیم ہوتا ہے۔ اور پھر ڈھولک کی تھاپ پر نشست جمتی ہے۔ گانے والی خواتین جو مصرعے گاتی ہیں۔ وہ ان کی اپنی تخلیق ہوتے ہیں۔ اُن میں دولہے کی وجاہت، دلہن کی خوبصورتی، دونوں کی خوش قسمتی اور آنے والی خوش و خرم زندگی کا منظر پیش کیا جاتا ہے۔ 

ایک سے دوسرا مصرعہ ملتا جاتا ہے۔ اور سہرے کی شکل ترتیب پاتی جاتی ہے۔ روایتی شادیوں میں سہرا نہ صرف گایا جاتا تھا، بلکہ تحفہ کے طور پر دیا بھی جاتا تھا۔ دیکھا جائے تو آج کل جو ڈھولک کی رسم ہے وہ اسی سہرے سے نکلی معلوم ہوتی ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ آج کل لڑکیاں مشہور و معروف گانے ڈھولک کی تھاپ پر گاتی ہیں۔ 

سہرے کی ایک شکل یوں بھی تھی کہ ماضی میں دولہا کی تیاری گھر کے بزرگوں اور دوستوں کے ہاتھوں ہوا کرتی تھی۔ شادی کا جوڑا پہننے کے بعد، بہنیں اور بھابھیاں سہرا گاتیں۔ جبکہ خاندان کے بزرگ سہرا بندی کی رسم ادا کرتے۔ دولہا جب بارات لے کر دلہن کے گھر پہنچتا۔ نکاح کے بعد اس کے بھائی یا دوست چھوہارے اور سکے اچھالتے۔ جس سے خوشی اور جوش و خروش کا سماں بندھ جاتا۔ 

ایسے میں دولہا کے دوست یا بھائی سہرا پڑھتے۔ جو تقریب کو جذباتی اور خوشگوار لمحات سے بھر دیتا۔ بعض اوقات کوئی شوخ مزاج دوست سہرے میں ایسی مزاحیہ باتیں شامل کر دیتا کہ حاضرین مسکرا اٹھتے۔ جبکہ شادی شدہ افراد شرما کر چپ ہو جاتے۔ 

وقت کے ساتھ شادی کی تقریبات کا انداز بدل گیا۔ اور سہرا پڑھنے اور لکھنے کی روایت بھی ختم ہوتی گئی۔ لیکن آپ اس روایت کو زندہ کر سکتے ہیں اور دوست کو شادی کی مبارکباد دینا چاہیں تو اس کے لئے سہرا لکھ سکتے ہیں۔ جسے شادی کی تقریب میں پڑھا بھی جا سکتا ہے۔ 

 ویڈیو پیغام یا وی لاگ بنانا 

آج کل سوشل میڈیا اور ویڈیوز کا دور ہے۔ دوست کو شادی کی مبارکباد دینا ہو تو ویڈیو یا وی لاگ کی شکل میں دی جا سکتی ہے۔ اپنے دوست کے لیے ایک خصوصی ویڈیو بنائیں۔ جس میں پرانی یادیں، ہدایات اور پیغامات، اور کچھ مزاحیہ لمحات یا تصاویر شامل کریں۔ جو شادی کے دن انہیں جذباتی اور خوشگوار محسوس کرائیں۔ 

اگر آپ کے دوست کی کوئی اچھی عادت ہے۔ تو وہ بتائیں۔ اور کوئی بری عادت ہے تو اسے تبدیل کرنے کا مشورہ دیں۔اس سے ویڈیو میں مزاح کا عنصر بھی شامل ہو جائے گا۔ چند دوستوں کے مشترکہ پیغامات کو اکٹھا کرکے بھی ویڈیو بنائی جا سکتی ہے۔ جہاں سب اپنے منفرد انداز میں مبارکباد دیتے نظر آئیں۔ 

 ہنی مون ٹرپ یا عمرے کا پیکج

اشادی کے بعد گھومنے پھرنے جانا ہر جوڑے کی خواہش ہوتی ہے۔ بعض جوڑے شادی پع بے جا اخراجات کی وجہ سے اپنا ہنی مون ٹرپ کینسل کر دیتے ہیں۔ اگر آپ دوست کو شادی کی مبارکباد دینا چاہتے ہیں اور ان کی معاشی حالت سے بھی واقف ہیں۔ تو یہ ایک بہترین تحفہ ہو سکتا ہے کہ آپ ان کے ہنی مون ٹرپ کی بکنگ کروا دیں ۔یا پھر ان کو عمرے کا پیکج گفٹ کریں۔  

یہ تحفہ یقیناً آپ کے دوست کو حیران کر دے گا۔ اور وہ ہمیشہ آپ کی محبت اور دوستی کو یاد رکھے گا۔ آپ یہ بکنگ خود کر سکتے ہیں۔ یا کسی ٹریول ایجنسی کی مدد لے سکتے ہیں۔ جو ہوٹل، فلائٹ اور دیگر ضروریات کا بندوبست کرے۔ 

اگر آپ کا دوست اور اس کا شریکِ حیات مذہبی رجحان رکھتے ہیں۔ تو ان کے لیے عمرے کا پیکج ایک بہت خوبصورت اور بابرکت تحفہ ہو سکتا ہے۔ شادی کے بعد اگر وہ ایک روحانی سفر پر جائیں تو نہ صرف ان کی نئی زندگی کا آغاز برکتوں سے بھرپور ہو گا بلکہ یہ ایک یادگار اور نایاب تحفہ بھی ہوگا۔ 

 سرپرائز پارٹی کا انتظام

دوست کو شادی کی مبارکباد دینے کا اس سے اچھا طریقہ کیا ہو سکتا ہے کہ آپ ان کے لیے ایک سرپرائز پارٹی کا بندوبست کریں۔ یہ پارٹی شادی سے پہلے ہو سکتی ہے۔  جسے “بیچلر پارٹی” کہا جاتا ہے۔ یا شادی کے بعد ایک “ویلکم پارٹی” کی شکل میں ہو سکتی ہے۔ خواتین کے لئے “برائیڈل شاور” کی تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ کیونکہ شادی کے بعد سب دوستوں کو پہلے کی طرح مل بیٹھنے کا موقع ملے یا نہ ملے۔ لہذا شادی سے پہلے سب دوست کچھ حسین پل ساتھ گزار لیں۔  

اگر آپ کا دوست کسی خاص جگہ یا تھیم کو پسند کرتے ہیں۔ تو آپ اس کے مطابق پارٹی کا اہتمام کر سکتے ہیں۔ پارٹی میں آپ کچھ گیمز، یادگار لمحے، اور ایک کیک کا بندوبست بھی کر سکتے ہیں۔ ویلکم پارٹی کی صورت میں یہ بات یقینی بنائیں کہ آپ اور سب دوستوں کی شریکِ حیات بھی اس خوشی سے شامل ہوں، تاکہ یہ تقریب مزید یادگار بن سکے۔ 

یہ بھی پڑھیں: طلاق کی عدت: شریعت میں اس کی مدت اور حکمت

 گفٹ باسکٹ

شادی کے موقع پر دولہا یا دلہن کے لیے ایک خوبصورت گفٹ باسکٹ تیار کی جا سکتی ہے۔ جس میں ان کی ضرورت کی اشیاء شامل ہوں۔ جیسے پرفیوم، گھڑی، میک اپ، جیولری باکس وغیرہ۔ سیونگ سرٹیفیکیٹس یا پھر دلہن کے لئے سونے کی جھمکے یا انگوٹھی وغیرہ۔  

اگر لڑکی یا لڑکے کا تعلق متوسط طبقے سے ہے تو چند دوست مل کر کچھ عمدہ جوڑے ان کے لئے بطور تحفہ لے سکتے ہیں۔ جو وہ شادی کے ابتدائی دنوں میں پہن سکیں۔کیونکہ شادی کے خواب تو ہر کوئی دیکھتا ہے۔ لیکن ان میں تاخیر بعض اوقات وسائل نہ ہونے کی وجہ سے بھی ہوتی ہے۔ اور اس موقع پر رشتے داروں کے بعد دوست سب سے بڑا سہارا ہوتے ہیں۔ 

اگر جوڑا شادی کے بعد بیرون ملک سیٹل ہو رہا ہو تو ایسا تحفہ دیا جائے جو ان کے لیے عملی طور پر مفید ہو۔ مثال کے طور پر۔ 

ہائی کوالٹی سوٹ کیسز، پاسپورٹ اور ضروری دستاویزات رکھنے کے لیے ٹریول والٹ، پورٹیبل چارجر یا پاور بینک، آن لائن شاپنگ کے لیے گفٹ کارڈز، کرنسی ایکسچینج کارڈز، نیٹ فلکس، اسپاٹی فائی، یا کسی بھی آن لائن سروس کا سبسکرپشن، جو انہیں تفریح فراہم کر سکے۔ اس قسم کے تحائف صرف ان کی نئی زندگی کو آسان بنائیں گے۔ بلکہ انہیں آپ کی محبت کا احساس بھی دلائیں گے۔ 

اختتام

دوستی ایک عظیم رشتہ ہے۔ جو خوشی کے ہر لمحے کو مزید یادگار بنا دیتا ہے۔ خاص طور پر جب بات شادی کی ہو تو ایک اچھے دوست کی نیک خواہشات اور خلوص دل سے دی گئی مبارکباد دولہا یا دلہن کے لیے زندگی بھر کی حسین یاد بن سکتی ہے۔ 

دوست کو شادی کی مبارکباد دینا صرف رسمی الفاظ ادا کرنا نہیں۔ بلکہ اپنی محبت، خوشی اور دعاؤں کو منفرد انداز میں پیش کرنا ہے۔ چاہے آپ گفٹ باسکٹ دیں، یادگار سرپرائز پلان کریں۔ جذباتی خط یا سہرا لکھیں۔ ہر طریقہ آپ کی دوستی اور محبت کا اظہار ہے۔ 

شادی زندگی کا ایک نیا سفر ہوتا ہے۔ آپ کے دیے گئے منفرد انداز میں مبارکباد نہ صرف دوست کے چہرے پر مسکراہٹ لائے گی۔ بلکہ اسے ہمیشہ کے لیے یاد بھی رہے گی۔ یہی خوبصورت یادیں ہیں جو دوستی کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *